Breaking News

سندھ کابینہ کا اجلاس وزیرِ اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت شروع


 

سندھ کابینہ کا اجلاس وزیرِ اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت شروع

کراچی ۔

 سند ھ کابینہ کا اجلاس وزیرِ اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں شروع ہوا، جس میں صوبائی وزراء، مشیروں، معاون خصوصی، چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں 30 نکات پر غور کیا جائے گا اور اہم فیصلوں کی توقع کی جارہی ہے۔


ترجمان وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مطابق اجلاس میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل پر خاص توجہ دی جائے گی۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ نے وزراء کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں تیزی لائی جائے اور جن اسکیموں پر کام سست روی کا شکار ہے، وہاں پیش رفت کو تیز کیا جائے۔


وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہم اپنے ترقیاتی منصوبوں کا مسلسل معائنہ کرتے ہیں تاکہ ان کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ اسی دوران وزیرِ اعلیٰ سندھ نے رمضان المبارک کے انتظامات کے حوالے سے اہم ہدایات بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کا بابرکت مہینہ قریب آ رہا ہے، اور اس حوالے سے انتظامیہ کو اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر ضابطہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔


وزیرِ اعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور مصنوعی مہنگائی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تاجروں کو رمضان میں اشیائے خورد و نوش کی مناسب قیمتیں مقرر کرنی ہوں گی تاکہ عوام کو سہولت مل سکے۔


عوام کو سہولت دینے کے لیے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ رمضان میں پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ٹریفک مینجمنٹ کو مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ ساتھ ہی بازاروں میں معیاری اشیاء کی وافر اور سستی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔


اجلاس کے دوران وزیرِ اعلیٰ سندھ نے تمام متعلقہ اداروں کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔


No comments