وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کراچی کے مسائل پر اجلاس
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کراچی کے مسائل پر اجلاس
کراچی
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی کے مسائل پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیرکر بلدیات سعید غنی، وزیراعلیٰ سندھ کے معان خاص وقار مہدی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، کمشنر کراچی حسن نقوی، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق، سید مراد علی شاہ نے شہر کراچی کے مسائل کے حوالے سے تفصیل سے غور کیا اور اہم فیصلے کیے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں اور شہر میں گٹرز کا بہنا، صفائی کے مسائل اور غیرقانونی پارکنگ کی مانیٹرنگ کے لیے جدید سسٹم کا استعمال کیا جائے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک پورٹل بنایا جائے گا، جس پر اسسٹنٹ کمشنرز یا ڈپٹی کمشنرز اپنے ماتحت افسران کے ذریعے گٹرز، تجاوزات اور صفائی کے مسائل اپ لوڈ کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے روڈ کٹنگ کے مسائل کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ اسے اسٹریم لائن کیا جائے گا، تاکہ شہر کی سڑکوں کی حالت بہتر ہو سکے۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت دی کہ رمضان کے مہینے میں پولیس کا گشت بڑھایا جائے تاکہ شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عید کی خریداری کے دوران لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اسٹریٹ لائٹس، ٹریفک مینجمنٹ اور سکیورٹی کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے روڈ کٹنگ کی اجازت دینے کا اختیار صرف میئر یا کمشنر کو دینے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ اب ٹاؤن یا کے ایم سی کا کوئی افسر براہ راست روڈ کٹنگ کی اجازت نہیں دے سکے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عید کے بعد سوفٹ اینکروچمنٹ ہٹانے کی بھی واضح ہدایت دی اور کہا کہ لیاری میں پانی کی لائن بچھانے کا کام جلد مکمل کیا جائے۔
انہوں نے میئر کراچی کو ہدایت دی کہ شہر کی اہم مارکیٹس کو خوبصورت بنایا جائے اور ان میں سے چار مارکیٹس کو اس مالی سال کے آخر تک مکمل کرکے پیش کیا جائے۔
اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق، کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ایک جامع حکمت عملی اپنائی جائے گی تاکہ شہر کی ترقی اور شہریوں کی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے
No comments