چیئرمین اسٹیوٹا جنید بلند کی زیرِ صدارت کاٹی میں اہم اجلاس
چیئرمین اسٹیوٹا جنید بلند کی زیرِ صدارت کاٹی میں اہم اجلاس، صنعتی ترقی اور ہنر مند افرادی
قوت کے فروغ پر گفتگو
کراچی:
وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی اور سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی
(اسٹیوٹا) کے چیئرمین جنید بلند کی سربراہی میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری
(کاٹی) میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کاٹی کے صدر جنید نقی سمیت مختلف صنعتی
شعبوں کے نمایندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صنعتکاروں نے ہنر مند افرادی قوت کی قلت اور تکنیکی تعلیم کو صنعتی
ضروریات کے مطابق جدید خطوط پر استوار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ کاٹی کے نمایندوں نے
اسٹیوٹا کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا
اظہار کیا۔
اس موقع پر چیئرمین اسٹیوٹا جنید بلند نے کہا کہ حکومت اور صنعتکاروں کے درمیان تعلقات کو
مزید مستحکم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو جدید صنعتی شعبوں میں روزگار کے
مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مینوفیکچرنگ، انجینئرنگ اور آئی
ٹی سمیت دیگر اہم شعبوں میں ہنر مند افرادی قوت کی کمی کو دور کیا
جائے گا۔
جنید بلند نے اس بات پر بھی زور دیا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات
کے مطابق اسٹیوٹا کے تربیتی کورسز کو صنعتی ترقی کے تقاضوں کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے، تاکہ
نوجوان عملی میدان میں بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا کہ ملک کے ہر شہری کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے، اور بلاول بھٹو زرداری اس وژن کو حقیقت بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیوٹا کے تمام تربیتی اداروں کے دورے کیے جا رہے ہیں تاکہ ان میں
مزید بہتری لائی جا سکے۔
اجلاس میں اسٹیوٹا اور کاٹی کے درمیان تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جدید تربیتی مراکز کے قیام کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
صدر کاٹی جنید نقی نے چیئرمین اسٹیوٹا کو تفصیلی بریفنگ دی اور ان کی خدمات کے اعتراف میں
یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اجلاس میں شریک صنعتکاروں نے بھی اسٹیوٹا کے اقدامات کو سراہا اور
امید ظاہر کی کہ اس شراکت داری سے ملکی صنعتی ترقی میں نمایاں بہتری آئے
گی۔
No comments